ہتھیاروں سے متعلق پاکستانی درخواست مسترد نہیں کی، امریکا

 America

America

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکا نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ دفاعی تعاون پر مبنی تعلقات بدستور قائم ہیں اور اس نے پاکستان کی جانب سے دفاعی ہتھیاروں کی فراہمی کی کوئی درخواست مسترد نہیں کی۔

بدھ کو امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہ امریکا ہتھیاروں کے حوالے سے اہم عالمی منڈی ہے۔ پاکستان اور امریکا سیکیورٹی کے حوالے سے کئی باہمی پروگرامز پر عمل پیرا ہیں، جن میں دفاعی شراکت داری اور صلاحیتوں میں اضافے کے معاہدے بھی شامل ہیں۔ اس وقت ہتھیاروں کی فراہمی کے بارے میں پاکستانی درخواست کا جائزہ لیا جارہا ہے تاہم افغانستان میں موجود ای ڈی اے ہتھیاروں میں سے پاکستان سمیت کسی بھی ملک کو کچھ نہیں دیا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان سمیت متعدد ممالک کی جانب سے قابل رسائی ہتھیاروں کے لیے درخواستیں ملی ہیں۔ یہ ہتھیاردنیا کے مختلف خطوں میں موجود ہیں جہاں ان کی ذمے داری مخصوص افسران کے پاس ہے جبکہ ان کا بڑا اور اہم ذخیرہ امریکا میں موجود ہے، جس درخواست کو قابل غور سمجھا جاتا ہے اسے ان قابل رسائی ہتھیاروں کے ذخائر میں سے ادائیگی کر دی جاتی ہے۔ تاہم ان کے تحفظ اور آمدورفت کی ذمے داری خریدار ملک ہی پر ہوتی ہے۔