لاہور (جیوڈیسک) قومی ٹیم کے آل راؤنڈر حسن علی نے بھارتی دوشیزہ سے شادی کی تصدیق کر دی۔ چند روز سے اس قسم کی خبریں میڈیا پر چل رہی تھیں کہ حسن علی نے بھارتی لڑکی شامیہ آرزو سے شادی کا فیصلہ کر لیا ہے تاہم اس حوالے سے حسن علی یا ان کے گھر والوں نے تصدیق نہیں کی تھی۔
اب حسن علی نے میڈیا سے گفتگو میں بھارتی دوشیزہ سے شادی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ شادی کی خبر سچ نہیں بالکل سچ ہے۔
حسن علی نے بتایا کہ بھارتی لڑکی سے شادی کر رہا ہوں، 20 اگست کو دبئی میں نکاح ہو گا، تقریب میں فیملی اور دوست شریک ہوں گے۔
حسن علی نے میڈیا پر چلنے والی خبروں میں اپنی ہونے والی دلہن کا نام درست کراتے ہوئے کہا کہ لڑکی کانام شامیہ نہیں سامیہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سامیہ سے پہلی ملاقات دبئی میں ہوئی، بعد میں بھائی عطاء سے بات کی، پھر بھابھی اور بھائی نے سامیہ کو پسند کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ سامیہ سے پیار کا اظہار پہلے میں نے کیا، میں نے ملاقات میں سامیہ کو شادی کی پیشکش کی، سامیہ پہلے شرمائی اور پھر ہاں کر دی۔
قومی کرکٹر نے بتایا کہ تقریب میں پاکستانی اسٹائل کے کپڑے پہنوں گا، میری شیروانی ریڈ اور بلیک ہو گی جب کہ سامیہ بھارتی لباس زیب تن کریں گی۔