ویڈنگ پلاؤ کی ہیروئن انوشکا نے ماڈلنگ چھوڑ دی

Anushka

Anushka

ممبئی (جیوڈیسک) فلم ’’ویڈنگ پلاؤ‘‘ (Wedding Pullav) سے فلمی دنیا میں قدم رکھنے والی مشہور ماڈل انوشکا رانجن نے بالی ووڈ میں اپنا کیریئر بنانے کے لیے ماڈلنگ چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا۔ بالی ووڈ فلمساز ششی رانجن کی بیٹی انوشکا جو متعدد فیشن شوز میں ریمپ پر واک کرچکی ہیں ،اپنے نئے کیریئر کے سلسلہ میں بہت پرجوش ہیں اور ان کی پہلی فلم ’’ویڈنگ پلاؤ‘‘ 16 اکتوبر کو سنیما گھروں کی زینت بنائی جا رہی ہے۔

انوشکا نے کہا ہے کہ ایک ہی وقت میں ماڈلنگ اور اداکاری کو جاری رکھنا ان کے لیے بہت مشکل ہے اور وہ بالی ووڈ میں اپنا کیریئر بنانے کے لیے اس شعبے کو چھوڑ رہی ہیں۔ یہ بات انھوں نے بھارتی خبررساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا سے گفتگو کے دوران کہی۔ انوشکا رانجن کا کہناتھا ماڈلنگ اور اداکاری دونوں شوبز کے شعبے ہیں اور اپنی اپنی جگہ دونوں کی اہمیت ہے مگر میرے لیے یہ ممکن نہیں کہ بیک وقت دونوں کشتیوں میں سوار رہ سکوں اس لیے میں نے ماڈلنگ کو چھوڑ کر اداکاری پر اپنی بھر پور توجہ دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

مشہور سینماٹوگرافر بینود پردھان کی ہدایتکاری میں بنائی جانے والی اپنی پہلی فلم ’’ویڈنگ پلاؤ ‘‘ کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انوشکا نے کہا کہ میرے نزدیک یہ فلم کسی بھی فنکار کے لیے فلم انڈسٹری میں اپنا کیریئر شروع کرنے کے لیے بہترین موقع ہے کیونکہ اس میںر ومانس اور کامیڈی کے ساتھ ساتھ ان سب چیزوں کو شامل کیا گیا ہے جو فلم بین اسکرین پر دیکھنا چاہتے ہیں۔ اس کے گانے جذبات سے بھر پور اور لوگوں کو ہمیشہ یاد رہنے والے ہیں اور میری خوش قسمتی ہے کہ مجھے ’’ویڈنگ پلاؤ‘‘ سے بالی ووڈ میں قدم رکھنے کا موقع مل رہا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انوشکا کا کہنا تھا کہ فلمی خاندان سے تعلق رکھنے کی بنا پر مجھے بچپن سے ہی اداکاری کا جنون تھا اور یقین تھا کہ ایک دن اس شعبے کا حصہ ضرور بنوں گی اس لیے اپنی تعلیم مکمل کرتے ہی فلمی دنیا میں قدم رکھ دیا۔ واضح رہے کہ فلم میں انوشکا کے ساتھ دیگناتھ مانچل ہیرو کا کردار نبھارہے ہیں جب کہ کرن گروور، سونالی سہگل، رشی کپور، ستیش کوشک، پرمیت سیٹھی، کیٹوگڈوانی، ہیمانی شیو پوری، اپاسنا سنگھ اور تریپتی لکھن پال بھی اہم کردارروں میں شامل ہیں۔