کراچی : بدھ کو معروف عالم دین اور مدرسہ صدیقیہ کے مہتمم مولانا منظور مینگل کا جامعہ بنوریہ عالمیہ کا دروہ، جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم سے تبلیغی وفود کی پنجاب کے تعلیمی اداروں پر پابندی اور مذہبی طبقے کیخلاف اقدامات پر تبادلہ خیال۔ اس موقع پر جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم نے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ اہل علم ملک وقوم کا سرمایہ ہیں ،تبلیغی جماعت بھٹکے ہوؤں کو راہ راست پر لانے کا کام کررہی ہے، پنجاب حکومت کا رویہ مذہبی طبقے کیخلاف شرمناک ہے اور بے لوث اور بے غرض ہوکر اللہ کے دین کو گھر گھر تک پہنچانے والی جماعت پر پابندی لگاکر پنجاب حکومت نے اللہ کے عذاب کو دعوت دی ہے،مسلم لیگ (ق) کی جانب سے پنجاب حکومت اس بے ڈھنگے فیصلے کیخلاف قراردادخوش آیندہے اور مذہبی سیاسی جماعتوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔
انہوں نے کہاکہ تبلیغ کی دعوت کو عام کرکے ہی ملک کو دہشت گردی سے پاک کیاجاسکتاہے ، اس وقت ہم جتنے مسائل سے دوچارہیں سارے اجتماعی اعمال کا نتیجہ ہیں بدترین حکمرانوں سے نجات کیلئے بہترین اعمال کرنا ضروری ہیں کیونکہ حدیث کی رو سے جیسے ہمارے اعمال ہوتے ہیں ایسے ہی حکمران ہم مسلط کرلئے جاتے ہیں ، اس موقع پر معروف عالم دین اور جامعہ صدیقیہ کے مہتمم مولانا منظور احمد مینگل نے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ عالمی سطح پر مسلمانوں اور اسلام کیخلاف سازشیں کی جارہی ہیں تبلیغی جماعت پر پنجاب میں پابندی ملک کو سیکولر بنانے کی طرف ابتدائی پیش قدمی ہے ، مذہبی طبقہ باالخصوص بااثر طبقے کو متحدہوکر ہر طرح کی سازشوں کا مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہاکہ مدارس اور دینی طبقہ اللہ کے سپرد ہے اللہ ہی ان کا محافظ اور نگہبان ہے ماضی میں انگریز نے سینوں سے قران کو مٹانے کی کوشش کی اللہ نے ان کو مٹادیاشریف برادران ہوں یا کوئی اور حکمران جو بھی دین الہی کیخلاف اقدام کریگا وہ اللہ کی لاٹھی سے نہیں بچ سکتا۔دونوں علمائے کرام نے اس امید کااظہار کیا کہ کراچی میں امن وامان کی صورت حال میں بہتری کی وجہ سے اجتماع میں شرکت کرنے والوں کی تعدادپہلے سے زیادہ ہوگی،انہوں نے سیکورٹی اداروں سے اپیل کی کہ کراچی اجتماع کے دوران شرپسند عناصر پر گہری نظر رکھیں۔واضح رہے کہ عالمگیر تبلیغی جماعت کاسالانہ اجتماع آج( بروز جمعرات 4فروری )سے بعد نماز عصر شروع ہوگا جس میں پوری دنیا سے آئے ہوئے مبلغین بیانات کریں گے اور پوری دنیا میں تبلیغی وفود کی تشکیل کی جائے گی ، اتوار کے روز (7فروری)صبح 8بجے اختتامی دعا ہو گی۔