بدھ سے ہفتے کے دوران مون سون بارشیں ہوں گی

Monsoon

Monsoon

اسلام آباد (جیوڈیسک) گرمی اور حبس سے تنگ شہریوں کے لیے محکمہ موسمیات نے اچھی خبر یہ سنائی ہے کہ بدھ سے ہفتے کے دوران مون سون بارشیں ہوں گی، کراچی میں بھی بارش ہو گی۔

گرمی اور حبس سے تنگ شہریوں کو محکمہ موسمیات نے بالآخر اچھی خبر یہ سنائی ہے کہ ان کاانتظار اب ختم ہونے کو ہے اور بر کھارت بر سنے کو ہے تیار۔ بدھ سے ہفتے کے دوران مون سون بارشوں کا دوسرا سلسلہ شروع ہو گا، اس دوران خیبر پختونخوا، پنجاب اور کشمیر میں وقفے وقفے سے بارش جاری رہے گی۔

جمعرات اور جمعہ کوراول پنڈی، سرگودھا، گوجرانوالہ اور لاہور ڈویژن میں بارش خوب جم کر برسے گی۔ مون سون بارشیں رخ کر رہی ہیں زیریں سندھ کی جانب بھی۔ اگلے دو روز میں حیدر آباد اور میرپور خاص ڈویژن میں آندھی کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

کراچی والے بھی ہوشیار رہیں۔ بارش جھومتے ہوئے وہاں بھی جائے گی بدھ یا جمعرا ت کو۔ اب کی بار اچھی خبر میدانی علاقوں میں رہنے والوں کے لئے بھی ہے جہاں طویل گرمی اور حبس کا زور بھی دو دنوں بعد ٹوٹنے والا ہے۔ اگلے چوبیس گھنٹوں میں راول پنڈی، اسلام آباد، سرگودھا، گوجرانوالہ، لاہور اور کشمیر کے شہری بارش سے محظوظ ہو سکتے ہیں۔