کراچی (جیوڈیسک) ایک ہفتے کے دوران عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں 5 فیصد سے زائد کم ہو گئی۔ مستقبل میں پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصںوعات سستی ہونے کا امکان پیدا ہو گیا۔
ایران پر مکمل پابندیوں کے باعث خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا تھا مگر موجودہ حالات میں سعودیہ عرب کی جانب سے قلت کو دور کرنے کی خاطر پیداوار میں اضافے کا اعلان کیا گیا جس سے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔
ایک ہفتے کے دوران عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھی جا رہی ہے۔ امریکی خام تیل کی قیمت 3 اعشاریہ 7 فیصد کمی کے بعد 66 ڈالر 60 سینٹس فی بیرل جبکہ برطانوی خام تیل کی قیمت 5 اعشاریہ 4 فیصد کمی کے بعد 75 ڈالر 8 سیںٹس فی بیرل ہو گئی۔
معاشی ماہرین کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا ہونا پاکستان کے لئے خوش آئندہ ہے۔ اگر تیل کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری رہا تو پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونا شروع ہو جائیں گی۔