کراچی (جیوڈیسک) ایک ہفتے کے دوان سٹاک مارکیٹ میں 1 ہزار پوائنٹس سے زائد کی کمی ہوئی۔ پاکستان سمیت دنیا بھر کی سٹاک مارکیٹوں کے لئے کاروباری ہفتہ بے انتہا بھاری ثابت ہوا۔
کراچی سٹاک مارکیٹ ایک ہفتے کے دوران 4 فیصد کے قریب گر گئی جبکہ کاروباری ہفتے کے آخری روز مارکیٹ 700 پوائنٹس کی کمی کے بعد 34 ہزار519 پر بند ہوئی۔ دوسری جانب چینی کرنسی نے پوری دنیا کی معیشت کو ہلا کر رکھ دیا۔ یوآن کی قدر کیا کم ہوئی دنیا کی بھر کی کرنسیوں میں بھونچال آگیا۔ مختلف ممالک کی کرنسیوں کی قدر میں 3 فیصد تک کمی ہوگئی۔
سب سے بڑا دھچکا کرغزستان کی کرنسی کو لگا جس کی قدر صرف ایک دن میں 23 فیصد گر گئی۔ اس تمام صورتحال میں پاکستانی روپیہ بھی ڈگمگا گیا اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 90 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ بیرون سرمایہ کاروں نے شیئرز مارکیٹ میں عدم دلچسپی کا اظہار کیا اور 4 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کے شیئرز فروخت کرڈالے۔
خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے باعث حصص بازار میں تیل و گیس کا شعبہ بھی بری طرح متاثر ہوا اور ان کی شیئرز کی مالیت میں 8 فیصد سے زائد کی کمی ہوگئی جبکہ سیمنٹ سیکٹرمیں 4 فیصد اور بینکوں کے شیئرز کی مالیت میں تقریبا 4 فیصد کی گراوٹ دیکھی گئی۔