وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ سکندر حیات بوسن نے کہا ہے کہ ایک ہفتے میں نئی زرعی پالیسی لائی جا رہی ہے جس میں چھوٹے کسانوں کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کی جائے گی۔ لاہور کی نجی یونیورسٹی لمز میں پاکستان زرعی کونسل کے تحت سیمینار کے موقع پر ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر سکندر حیات بوسن کا کہنا تھا کہ بھارت زراعت کے شعبے میں پاکستان سے اس لیے آگے ہے کہ وہاں چھوٹے کسانوں کو زیادہ مراعات دی جاتی ہیں۔
قبل ازیں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نجی شعبہ کی مدد سے زراعت کے شعبے کو ترقی دی جاسکتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کسان جلد اس قابل ہو جائیں گے کہ اگلے کئی سال کے موسم کا حساب لگا کر کاشت کار ی کرسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتوں کی مدد سے وفاقی حکومت سیلاب سے متاثرہ فصلوں کے بارے میں معلومات اکٹھی کررہی ہے تاکہ کسانوں کی مدد کی جاسکے۔ بعد ازاں وفاقی وزیر نے پاسکو ہیڈ آفس کا بھی دورہ کیا۔