کراچی (جیوڈیسک) ایک ہفتے کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا انڈیکس اعشاریہ 9 فیصد گر گیا، مارکیٹ 38 ہزار 251 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوئی۔
ملک کے خراب معاشی حالات کے سبب سرمایا کاروں نے کاروباری ہفتے کے دوران پاکستان سٹاک ایکسچینج میں سرمایا لگانے کی بجائے شیئرز فروخت کیے، جس کے باعث ایک ہفتے کے دوروان مجموعی طور پر انڈیکس اعشاریہ 9 فیصد گھٹ گیا۔
جمعے کے روز ٹریڈنگ کے دوران 100 انڈیکس 400 پوائنٹس کے قریب نیچے چلا گیا تھا لیکن دوران ٹریڈنگ متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان کی مالی مدد کرنے کے اعلان سے مارکیٹ تیزی سے ریکور کرنا شروع ہوگئی اور اختتام پر 100 انڈیکس 14 پوائنٹس اضافے سے 38 ہزار 251 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ ایک ہفتے کے دوران حصص کی مالیت میں مجموعی طور پر 21 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق اس وقت حکومت کو قرض و سود کی ادائیگیوں اور مالی خسارے کا سامنا ہے، جس کے باعث ایک طرف تو ڈالر کے مقابلے روپے ڈگمگا رہا ہے تو دوسری طرف اسٹاک مارکیٹ کے سرمایا کار پریشان ہے۔