ممبئی (اصل میڈیا ڈیسک) معروف فلم ہدایت کار کبیر خان نے اداکار سلمان خان سے شکوہ کیا ہے کہ وہ باضابطہ اعلانات کے لیے پروٹوکولز کی پیروی نہیں کرتے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق سلمان خان کی جانب سے ’بجرنگی بھائی جان‘ کے سیکوئل کے اعلان کی ہدایت کار کبیر خان نے تردید کر دی ہے۔ کبیر خان کا کہنا ہے کہ اداکار نے جذبات میں آکر سیکوئل کا اعلان کیا جبکہ حقیقت یہ ہے کہ اس کے لیے اسکرپٹ لکھنا باقی ہے۔
واضح رہے کہ سلمان خان نے اعلان کیا تھا کہ بجررنگی بھائی جان کا سیکوئل ’پون پترا بھائی جان‘ کے نام سے بنے گا۔ مڈ ڈے کو دیے گئے انٹرویو میں کبیر خان نے کہا کہ ’پون پترا بھائی جان‘ کو یقیناً لکھا جا رہا ہوگا لیکن سلمان خان نے جذبات میں آکر اعلان کر دیا، میں نے تو اب تک اس کا اسکرپٹ بھی نہیں پڑھا۔
کبیر خان نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ سر وجیندر کچھ دلچسپ لکھیں گے، سیکوئل بننے کے خیال نے مجھے کبھی پُر جوش نہیں کیا، میں اپنی سپر ہٹ فلموں کا کبھی سیکوئل بنانے کے بارے میں نہیں سوچوں گا، اگر مجھے کوئی بھی بہترین کہانی ملی تو میں اس بارے میں ضرور سوچوں گا۔
انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ سلمان خان باضابطہ اعلانات کے پروٹوکولز کی پیروی نہیں کرتے۔
خیال رہے کہ دسمبر 2021 میں سلمان خان نے ممبئی میں ایک تقریب کے دوران فلم ہدایتکار کرن جوہر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ بجرنگی بھائی جان میرے کیرئیر کی بہترین فلموں میں سے ایک ہے، بجرنگی بھائی جان 2 پر کام کا آغاز جلد کیا جائے گا۔
سلمان خان نے 2015ء میں بننے والی اپنی سپر ہٹ فلم بجرنگی بھائی جان میں مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ اس فلم میں ان کے ساتھ کرینہ کپور، نواز الدین صدیقی بھی تھے۔