ولنگٹن (جیوڈیسک) پہلے ون ڈے میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کیلئے 281 رنز کا ہدف دے دیا۔ افتتاحی ون ڈے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز مارٹن گپٹل اور لیتھم نے کیا۔
نیوزی لینڈ کو پہلی وکٹ کا نقصان 23 رنز پر اٹھانا پڑا جب اوپنر مارٹن گپٹل 11 رنز بنا کر محمد عرفان کی گیند پر وہاب ریاض کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی لیتھم تھے جو 11 رنز بنا کر محمد عامر کا شکار بنے۔ کپتان ولیم سن نے 10 رنز کی اننگز کھیلی اور محمد عرفان کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
پاکستان کو چوتھی کامیابی انور علی نے دلوائی اور ایلیئٹ کو بولڈ کیا۔ پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی اینڈرسن تھے جنھوں نے 10 رنز بنا کر پویلین کی راہ لی۔ پاکستان کو چھٹی کامیابی رونچی کی ملی جو کہ 5 رنز بنا کر محمد عامر کی گیند پر سرفراز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
نیوزی لینڈ کے 99 کو مجموعی اسکور پر چھ کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔ مچل سیٹنر اور ہینری نکول نے نیوزی لینڈ کی لڑکھڑاتی بیٹنگ کو سہارا دیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں 79 رنز کا اضافہ کیا۔ مچل سیٹنر کو 48 رنز پر عرفان نے آؤٹ کیا جبکہ ہینری نکول 203 کے مجموعی اسکور پر 82 رنز بنا کر انور علی کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے جیمز ہینری نے 48 رنز کی اننگ کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے محمد عامر اور انور علی نے تین تین جبکہ محمد عرفان نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔