ویلنگٹن (جیوڈیسک) نیوزی لینڈ کے شہر ویلنگٹن میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں بنگلا دیش کی ٹیم نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 542 رنز بنا لیے ہیں۔
نیوزی لینڈ کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بنگلا دیش کو بلے بازی کی دعوت دی۔ بنگلا دیش کی اننگز کی خاص بات شکیب الحسن اور مشفق الرحمان کی شاندار بلے بازی تھی۔ دونوں بلے بازوں نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کسی بھی کیوی گیند باز کا لائن لینتھ پر باؤلنگ کروانے کا موقع نہیں دیا۔
شکیب الحسن نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 31 چوکوں کی مدد سے 217 رنز بنائے جبکہ مشفق الرحمان نے 23 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 159 رنز کی اننگز کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں مومن الحق 64 اور تمیم اقبال 56 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے نیل ویگنر نے 3 جبکہ بولٹ اور ساؤتھی نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ شکیب الحسن ویلنگٹن ٹیسٹ میں ڈبل سینچری سکور کرکے بنگلا دیش کے ٹاپ سکورر بن گئے ہیں۔ شکیب الحسن نے یہ کارنامہ نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں انجام دیا۔
اس سے قبل تمیم اقبال بنگلا دیش کے ٹاپ سکورر تھے جنہوں نے 2016ء میں ہوم گراؤنڈ پر پاکستان کے خلاف 206 رنز بنائے تھے۔ شکیب الحسن ڈبل سنچری بنانے والے تیسرے بنگلا دیشی بیٹسمین ہیں۔ ویلنگٹن ٹیسٹ میں کپتان مشفیق الرحیم نے شکیب الحسن کا بھرپور ساتھ دیا اور 159 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
دونوں بیٹسمینوں نے 359 رنز بنا کر ملکی تاریخ کی بڑی پارٹنر شپ قائم کی۔ یہ نیوزی لینڈ کے خلاف پانچویں وکٹ پر کسی بھی ٹیم کی سب سے بڑی شراکت بھی ٹھہری، اس سے قبل یہ اعزا ز281 رنز کے ساتھ پاکستان کے آصف اقبال اور جاوید میانداد کے پاس تھا۔