کیپ ٹاؤن (جیوڈیسک) ایبولا وائرس نے مغربی افریقہ میں جہاں انسانی زندگی کو خطرات سے دوچار کیا وہیں ہزاروں بچوں کو بھی بے یار و مددگار چھوڑ دیا ہے۔ مغربی افریقہ کے ممالک لائبیریا، سیریالون اور گنی میں ایبولا وائرس نے مقامی آبادیوں کو بری طرح متاثر کیا ہے۔
اور اب تک ساڑھے چار ہزار افراد ایبولا کے بے رحم پنجوں کا شکار ہوکر موت کے منہ میں جاچکے ہیں جبکہ 10 ہزار سے زائد متاثر ہیں۔ مقامی آبادیوں نے جب علاقے سے نقل مکانی کی تو انہوں نے وائرس کے خوف سے ہلاک افراد کے یتیم اور بے سہارا بچوں کو ہمراہ لے جانے سے انکار کردیا اور اب تشویش ناک بات یہ ہے۔
کہ ان بے یار و مددگار بچوں کی دیکھ بھال کرنے والا کوئی نہیں ہے۔ اسٹریٹ چلڈرن نامی خیراتی ادارے اور رضاکار تنظیموں کا کہنا ہے کہ ایسے بچوں کی تعداد 5 ہزار کے قریب ہے جن کی دیکھ بھال ان کی بحالی اور مقامی لوگوں کو ان یتیم بچوں کو دوبارہ اپنانے پر آمادہ کرنے میں مہینوں لگ سکتے ہیں۔