کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈسٹرکٹ ویسٹ فٹ بال ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام نیشنل بنک آف پاکستان کے اشتراک سے ٹرانس لیاری فٹ بال گرائونڈ گولیمار پر “نیشنل بنک ڈسٹرکٹ ویسٹ فٹ بال چمپئن شپ 2016ء “کا آغاز ہوگیا ۔نیشنل بنک اسپورٹس ڈویژن کے سربراہ اویس اسد خان نے وزیر اعلیٰ انسپکشن ٹیم کے رکن غلام یاسین ،نیشنل بنک کے اسپورٹس کنسلٹنٹ حاجی غلام محمد خان اور سندھ فٹ بال ایسوسی ایشن کے سیکریٹری رحیم بخش بلوچ کے ہمراہ فٹ بال کو کک لگا کر ڈسٹرکٹ ویسٹ کے اس میگا فٹ بال ایونٹ کا افتتاح کیا۔
چمپئن شپ کا افتتاحی میچ ڈسٹرکٹ ویسٹ فٹ بال ایسوسی ایشن کی ٹیم نے نیشنل بنک جونیئر کو 2-1 سے شکست دیکر اپنے نام کرلیا قبل ازیں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہما ن خصوصی نیشنل بنک اسپورٹس ڈویژن کے سربراہ اویس اسد خان نے کہاکہ نیشنل بنک ملک بھر میں تعلیم کے فروغ ،غربت کے خاتمے اور صحت کی بنیادی سہولیات عوام تک پہنچانے کے ساتھ ساتھ اسپورٹس سرگرمیوں کو فروغ دینے کے حوالے سے اقدامات کو جاری رکھے ہوئے ہے انہوں نے فٹ بال چمپئن شپ کے انعقاد پر ڈسٹرکٹ ویسٹ فٹ بال ایسوسی ایشن کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیشنل بنک کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلا یا۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ انسپکشن ٹیم کے رکن غلام یاسین نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کھیل اور کھلاڑیوں سے محت کرتے ہوئے اور صوبے میں کھیلوں کے فروغ اور کھیلوں کے میدانوں کو آباد کرنے کے لئے صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینے کے حوالے سے بھی اقدامات کررہے ہیں انہوں نے کہاکہ ٹرانس لیار ی گرائونڈ گولیمار کو معیاری فٹ بال اسٹیڈیم اور مکمل گراسی بنا یا جائے گا انہوں نے منتظمین کو اپنے مکمل تعاون کا بھی یقین دلا یا اس موقع پر سندھ فٹ بال ایسوسی ایشن کے سیکریٹری رحیم بخش بلوچ نے مہمانوں کو اجرک اور پھولوں کے گلدستے پیش کئے۔