ڈھاکا (جیوڈیسک) آئی سی سی ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں جمعے کو دفاعی چیمپئن ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا بقا کی جنگ لڑیں گے۔
ناکام ٹیم پر سیمی فائنلز کے دروازے تقریباً بند ہوجائینگے، کیریبیئن سائیڈ اپنے اسٹار اوپنر کرس گیل کی فٹنس پر تشویش میں مبتلا ہے، ٹخنے کی تکلیف انکی شرکت کے حوالے سے شکوک پیدا کررہی ہے۔ دوسرے میچ میں بھارت کا مقابلہ بنگلہ دیش سے ہوگا، بلوشرٹس مسلسل تیسری فتح کیلیے بے چین ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ورلڈ ٹوئنٹی 20 کے سپر 10 رائونڈ میں 3فتوحات کے باوجود اس بات کی ضمانت نہیں دی جاسکتی کہ ٹیم سیمی فائنل میں جگہ پکی کرچکی ہے، البتہ 2 ناکامیوں کی وجہ سے اگلے مرحلے میں پہنچ پانا تقریبا ناممکن ہوجائیگا، 2 دن کے بعد گروپ ٹو کے میچز جمعے سے دوبارہ شروع ہورہے ہیں، بھارت اپنے ابتدائی دونوں میچز جیتنے والی واحد ٹیم ہے، پاکستان، آسٹریلیا، ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش ایک ایک میچ میں شکست سے دوچار ہوچکے، کینگروز اور کیریبیئنز مزید کسی ناکامی کے متحمل نہیں ہوسکتے۔
ویسٹ انڈیز کو سب سے زیادہ تشویش جارح مزاج اوپنر کرس گیل کی فٹنس کے حوالے سے ہے، وہ بنگلہ دیش کیخلاف میچ میں ٹخنے کی تکلیف سے دوچار دکھائی دیے تھے۔