سینٹ جارج (جیوڈیسک) سینٹ جارج میں لگاتار دوسرے ایک روزہ میچ میں اس بار ٹاس بنگلہ دیش کی ٹیم نے جیتا اور پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ یاد رہے کہ بیس اگست کو ہونے والے پہلے ایک روزہ میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے مہمان ٹیم کو کھلایا تھا اور وہ میچ تین وکٹوں سے جیت لیا تھا۔
اس بار بنگلہ دیش نے ایسا کیا تا ہم وہ میچ میں بہت بری شکست کھا گیا اور سیریز سے بھی ہاتھ دھو بیٹھا۔ ویسٹ انڈیز نے مقرہ پچاس اوورز میں سات وکٹوں پر 247 رنز بنائے جن میں گیل کے 58 براوو کے 53 رام دین کے 34 اور سائمنز کے 40 رنز شامل ہیں۔ بنگلہ دیش کی جانب سے مشرف مرتضیٰ نے تین اور امین حسین نے دو وکٹ حاصل کئے۔
جواب میں مہمان ٹیم صرف 70 کے سکو ر پر ڈھیر ہو گئی۔ تعمیم اقبال 37 رنز کے علاوہ کوئی بلے باز ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکا۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے روش اور نارائن نے تین تین اور رام پال نے دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔
مین آف دی میچ کا اعزاز نارائن کو دیا گیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا آخری اور تیسرا ون ڈے میچ پچیس اگست کو وارنر پارک میں ہو گا۔ ویسٹ انڈیز سیریز پہلے ہی جیت چکا ہے۔