کراچی (جیوڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ منفی سوچ کے باعث اہم میچ میں ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
بنگلادیش سے وطن واپسی پر کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہد خان آفریدی کا کہنا تھا کہ آخری میچ میں جتنا اچھا کھیلنا چاہئے تھا ہم وہ کھیل پیش کرنے میں ناکام رہے، ابتدائی 16 اوورز میں ہم نے بہت اچھی بولنگ کی لیکن آخری 4 اوور میں ویسٹ انڈیز کے بلے باز بڑا ہدف دینے میں کامیاب ہوگئے تاہم یہ ہدف اتنا بڑا بھی نہیں تھا جس کا تعاقب کرنا ٹیم کے لئے کوئی مسئلہ ہوتا، آفریدی کا کہنا تھا کہ ابتدائی 6 اوورز میں پاکستان کی وکٹیں گرنے سے ٹیم دباؤ کا شکار ہوگئی لیکن ویسٹ انڈیز کی جانب سے بہت عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا گیا۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ پاکستان ٹیم کے پاس بہترین کھلاڑی موجود ہیں جو آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کو بھی شکست دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں، اگر انہی کھلاڑیوں کو حریف ٹیم کے ساتھ لڑانے کا حوصلہ دیا جائے تو ہر میچ جیتا جاسکتا ہے، ایک سوال پرشاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے لئے ہر چیلنج قبول کرنے کو تیار ہیں۔