کولکتہ (جیوڈیسک) ایڈن گارڈنز کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے ورلڈ ٹی ٹونٹی کے فائنل میچ میں ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد چار وکٹوں سے شکست دیدی ہے۔ میچ کے آخری اوور میں ویسٹ انڈیز کو 19 سکور چاہیے تھا۔ یہ ہدف حاصل کرنا بظاہر مشکل نظر آ رہا تھا لیکن چارلس براتھ وائٹ نے اس کو ممکن کر دکھایا۔ براتھ وائٹ نے بین سٹوکس کو لگاتار چار چھکے مار کر انگلینڈ کے ہاتھوں سے فتح چھین لی۔ براتھ وائٹ نے 34 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور ویسٹ انڈیز کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز سیموئیلز کی بلے بازی کو بھی بھلا دیا جنہوں نے 85 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے انیس اعشاریہ چار اوورز میں 161 رنز بنا کر فتح اپنے نام کی۔
انگلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو جیت کیلئے 156 رنز کا بظاہر آسان ہدف دیا تھا تاہم ونڈیز کے اوپنر بلے باز اس کے حصول میں ناکام نظر آئے۔ جانسن چارلس اور کرس گیل نے شائقین کی امیدوں پر پانی پھیرتے ہوئے جلد آؤٹ ہو کر پویلین کی راہ لی۔ چارلس نے صرف ایک رن بنایا جبکہ کرس گیل نے 4 رنز بنائے۔ دونوں وکٹیں روٹ نے حاصل کیں اور کیچ سٹوکس کے حصے میں آئے۔ بھارت کیخلاف میچ میں مرد میدان کہلانے والے لینڈل سیمنز بھی بغیر کوئی کھاتہ کھولے پویلین لوٹے۔ ڈیوڈ ویلی نے خوبصورت گیند پر ایل بی ڈبلیو کرکے انھیں باہر کا راستہ دکھایا۔ ویسٹ انڈیز کا سکور ابھی 37 رنز پر ہی پہنچا تھا کہ سیموئیلز وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے۔ تاہم ایمپائرز نے انھیں روکا اور ری پلے دیکھ کر فیصلہ دیا کہ گیند گراؤنڈ کو ٹکرانے کے بعد وکٹ کیپر کے گلوز میں آیا۔
یوں سیموئیلز کی وکٹ بچ گئی۔ اس کے بعد براوؤ اور سیموئیلز نے اپنی وکٹوں کو سنبھالا اور ٹیم کے سکور کو 86 رنز تک پہنچایا۔ تاہم اسی موقع پر براوؤ اونچی شارٹ کھیلنے کی کوشش میں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ عادل رشید کی گیند پر روٹ نے ان کا کیچ لیا۔ براوؤ نے 25 رنز بنائے۔ اس کے بعد آنے والے بلے باز آندرے رسل صرف ایک رن بنا پائے اور کیچ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ ڈیوڈ ویلی کی گیند پر سٹوکس نے ان کا کیچ لیا۔ ویسٹ انڈیز کی چھٹی وکٹ 107 رنز پر گری جب کپتان ڈیرن سیمی نے آتے ہی جلد بازی دکھائی اور کیچ آؤٹ ہو گئے۔ ان کو آؤٹ کرنے والے گیند باز بھی ڈیوڈ ویلی تھے جبکہ ہیلز نے ان کا کیچ لیا۔ تاہم اس کے بعد بلے بازوں نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 156 کا مطلوبہ ہدف حاصل کرکے ورلڈ ٹی ٹونٹی 2016ء کی فتح اپنے نام کی۔ انگلینڈ کی جانب سے ڈیوڈ ویلی کامیاب گیند باز رہے جنہوں نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جوئے روٹ نے دو جبکہ عادل رشید کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔
اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ انگلینڈ کی جانب سے جیسن روئے اور ایلکس ہیلز میدان میں اترے۔ انگلینڈ کی ٹیم نے ابھی اپنا کھاتہ نہیں کھولا تھا کہ جیسن روئے بغیر کوئی رن بنائے بولڈ ہو کر پویلین پہنچ گئے۔ ان کی وکٹ سنیل بدری کے حصے میں آئی۔ انگلینڈ کا سکور ابھی 8 رنز پر ہی پہنچا تھا کہ ایلکس ہیلز بھی صرف ایک رن بنا کر چلتے بنے۔ آندرے رسل کی گیند پر بدری نے ان کا کیچ لیا۔ انگلینڈ کی تیسری وکٹ 23 رنز پر گری جب کپتان اوئن مورگن صرف پانچ رن بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ یہ وکٹ بھی بدری کے حصہ میں آئی جبکہ کیچ کرس گیل نے لیا۔ اس کے بعد جوئے روٹ اور جوز بٹلر نے اپنی ٹیم کو سہارا دیا اور سکور کو 84 رنز تک پہنچایا تاہم خطرناک موڈ میں نظر آنے والے بلے باز جوز بٹلر نے آؤٹ ہو کر یہ پارٹنرشپ ختم کر دی۔ جوز بٹلر نے ایک چوکے اور تین چھکوں کی مدد سے 36 رنز کی اننگز کھیلی۔ براتھ وائٹ کی گیند پر براوؤ نے ان کا کیچ لیا۔
انگلینڈ کی ٹیم کا سکور 110 رنز پر پہنچا تھا کہ اسے پانچویں اور چھٹے کھلاڑی سے ہاتھ دھونا پڑ گئے۔ بین سٹوکس 13 رنز بنا کر براوؤ کا نشانہ بنے، سینمز نے ان کا کیچ لیا۔ جبکہ ان کے فوری بعد آنے والے کھلاڑی معین علی بغیر کوئی رن بنائے وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد پراعتماد طریقے سے بلے بازی کر رہے جوئے روٹ ایک غلط شارٹ کھیلنے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ براتھ وائٹ کی گیند پر بین نے ان کا کیچ لیا۔ ساتویں وکٹ کے نقصان پر انگلینڈ کا سکور 111 تھا۔ انگلینڈ کا سکور 136 رنز تھا جب آٹھویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ڈیوڈ ڈیوڈ ویلی 21 رنز بنا کر چلتے بنے۔ براتھ ویٹ کی گیند پر چارلس نے ان کا کیچ لیا۔ انگلینڈ کی نویں وکٹ 142 رنز پر گری جب لیئم پلنکٹ صرف چار رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ براوؤ کی گیند پر بدری نے ان کا کیچ لیا۔ انگلینڈ نے مقررہ بیس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز بنائے ہیں۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے براوؤ اور براتھ ویٹ نے شاندار گیند بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین، تین جبکہ بدری نے دو اور رسل نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔