مغرب کی اسلام دشمنی سے نت نئے مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔ اشرف آصف جلالی

Lahore

Lahore

لاہور: سربراہ تحریک صراطِ مستقیم پاکستان ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا ہے کہ مغرب کی اسلام دشمنی سے نت نئے مسائل پیدا ہورہے ہیں۔ اسلام کے بڑھتے ہوئے اسراف سے مغرب حواس باختہ ہوگیا ہے۔ ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر پہرہ دینا امت مسلمہ کا ہر دور میں شعار رہا ہے۔

حکومت کے اوچھے ہتھکنڈوں کے باوجود منبرو محراب سے ناموس رسالت کے تحفظ کی آواز بلند ہوتی رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعة المبارک کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکز صراطِ مستقیم اور مرکز فدایان ختم نبوت سے بے گناہ علماء کی گرفتاریاں، آپریشن ضرب عضب اور قومی ایکشن پلان کو متنازعہ بنانے کی سازش ہے۔

گوجرانولہ میں عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے جلوس پر پولیس کی موجودگی میں ایک کالعدم جماعت نے 10سے زائد عاشقان رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو زخمی کیا۔ پولیس مبینہ ملزموں کو گرفتا ر کرنے کی بجائے اہلسنت کے بے گناہ کارکنوں کو گرفتار کرلیا ہے۔

حکومت اہلسنت کو تشدد کے راستے کی طرف دھکیلنا چاہتی ہے۔ ہمیں پر اَمن اور محب وطن ہونے کی سزا دی جارہی ہے۔ لیکن ہم ناموس رسالت کے خلاف اور قومی سلامتی کے خلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔