لاہور : سربراہ تحریک صراطِ مستقیم پاکستان ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا ہے کہ مغرب فی الفور تعظیم انبیاء علیہم السلام کیلئے قانون سازی کرے۔ گستاخانہ خاکوں کی پھر سے اشاعت کا باعث اسلامی دنیا پر مسلط نااہل حکمران اور بزدل رہنما ہیں آج دل خون کے آنسو رو رہا ہے اسلامی دنیا میں گستاخوں کے ساتھ یکجہتی کرنے والے حکمران تو نظر آ رہے ہیں مگر کھلی گستاخی کرنے والوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنے والا کو ئی حکمران نظر نہیں آ رہا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد محمدی ساہواڑی مغلپورہ میں تحفظِ ناموس رسالت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ فرانسیسی حکومت کی آزادی اظہار کے نام پر چارلی ہیبڈو کو مسلسل گستاخیوں کی دی ہوئی چھوٹ نے انہیں اس اقدام پر مجبور کیا۔
مسلمان سب کچھ برداشت کر سکتا ہے مگر توہین رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم برداشت نہیں کر سکتا ، ہمارا مطالبہ ہے کہ او ، آئی ، سی ، عرب لیگ ،مسلم حکومتیں فوری طور پر یورپی یونین اور اقوام متحدہ پر گستاخوں کو سزا دلوانے کیلئے دبائو ڈالے۔
کانفرنس کی صدارت شیخ الحدیث مولانا ارشاد احمد حقانی نے کی اس موقع پر امیر ادارہ صراطِ مستقیم ضلع لاہور مولانا محمد صدیق مصحفی، مولانا مرتضیٰ علی ہاشمی ، محمد ذوالفقارعلی، حافظ صادق جلالی و دیگر بھی موجود تھے۔