لاہور (جیوڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ مغربی تہذیب کے دلدادہ پاکستان میں خاندانی نظام کا خاتمہ چاہتے ہیں لیکن ہم اسلامی پاکستان کی تحریک چلائیں گے۔
لاہور میں مینار پاکستان گراؤنڈ میں 3 روزہ اجتماع کے دوسرے روز شرکا سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ ملک میں صرف مسلح دہشتگرد نہیں بلکہ سیاسی اور معاشی دہشتگرد بھی موجود ہیں جنہوں نے ہر چیز کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی امیر اور غریب کا فرق ختم کرے گی اور ایسا اسلامی معاشرہ قائم کرے گی جہاں تعلیم مفت ہوگی جبکہ غیر مسلم بھی کہتے ہیں کہ ان کی عزت اسلامی معاشرے میں محفوظ ہوگی۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ مجھے تو کوئی ایسی تحریک یاد نہیں، جس میں خواتین شریک نہ ہوں اوروہ کامیاب ہوئی ہو، پہلے خواتین کی نمائندگی لبرل خواتین کرتی تھیں لیکن اب ہماری خواتین ان کی نمائندگی کریں گی اور اسلامی نظام میں کوئی باپ اپنی بیٹی کو تعلیم نہیں دلوائے گا تو اس کو سزا بھی دیں گے۔