مغربی تہذیب کے پجاری اپنی تجوریاں بیرون ممالک میں بھر کر یہاں کے عوام کا خون نچوڑ رہے ہیں، سید منور حسن

Syed Munawar Hasan

Syed Munawar Hasan

کراچی (پ ر) سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا کہ نئی نسل کو دین کی دعوت دینے سے پہلے اپنا احتساب کرنا ہوگا۔ ملک کے نوے فیصد افراد اسلامی قانون نافذ کرنا چاہتے ہیں پر مغربی تہذیب کے پجاری اپنی تجوریاں بیرون ممالک میں بھر کر یہاں کے عوام کا خون نچوڑ رہے ہیں۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع وسطی کے تحت منعقدہ نارتھ ناظم آباد اور ناظم آباد زون کی ایک روزہ مشترکہ ”اقامتی تربیت گاہ” برائے امیدواران واراکین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم، امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی، امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن، معروف دانشور شاہنواز فاروقی، امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی منعم ظفر خان دیگر ذمہ داران نے بھی شرکت کی جبکہ میزبانی کے فرائض سیکریٹری جنرل جماعت اسلامی ضلع وسطی محمد یوسف نے انجام دیئے۔ منور حسن نے کہا کہ پاکستان میں کرپشن اور ناانصافی دینی تعلیمات پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے ہے۔ پاکستان کی بقاء اسلامی تعلیمات میں ہے۔

حکمرانوں نے محمد ۖکی غلامی ترک کرکے امریکیوں کی غلامی کا طوق پہن لیا ہے۔ ملک میں خوشحالی لانے کے لئے علم اور تقوی کو اپنانا ہوگا۔ اخوت و محبت کے کلچر کو عام کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ سیکولر طبقہ پاکستان کی نوجوان نسل کو فحاشی وعریانی کی طرف دکھیلنے میں مصروف ہے۔ ملک کے معاشی اور سماجی مسائل کا حل خلافت راشدہ میں ہے۔ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ملک کی بنیاد قرآن و سنت پر رکھی گئی تھی۔ عوام کا خیال رکھنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ پانامہ لیکس میں تمام چوروں اور کرپٹ افرادکے نام شامل ہیں۔ مغربی نظام انسان کو نفس کا غلام بناکر تباہ و برباد کرنا چاہتا ہے۔ اسلام کی شکل کو مسخ کرکے پیش کیا جاتا ہے جو اسلام دشمنوں کی سازش ہے۔ تقوی اور علم کی بنیاد پر ہی مسلمانوں نے دنیا پر حکمرانی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علم ہی کے ذریعے ذہنوں کو مسخر کیا جاتا ہے۔

سیرت النبیۖ کی تعلیمات تمام انسانوں کے لئے نجات آخرت کا ذریعہ ہے۔علامہ اقبا ل نے اپنی شاعری کے ذریعے غلامی کی زنجیریں توڑیں،جس کے نتیجے میں نوجوانوں میں شعور پیدا ہوا۔ امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے شرکا ء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے رہنمائو ں کو پھانسیاں دینا ظلم ہے اور عالمی سطح پر بھی کوئی سنوائی نہیں ہورہی ہے۔ دنیا میں انقلاب نظریہ کی بنیاد پر قائم ہوتا ہے۔ اس تربیت گاہ کا مقصد آگاہی آخرت کا شعور پید اکرنا ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ مسلمانوں کی اصل کامیابی دینی تعلیمات میں ہیں۔ اسلامی معاشرہ بنانے کے لئے اپنے انفرادی معاملات کو درست کرنا ہوگا اور اللہ کی رضا حاصل کرنے کے لئے آپس کے اختلافات دور کرکے دعوت کے کا م کو تیز کرنا ہوگا۔ کرپشن کوختم کرنے کے لئے چوروں کا احتساب کرنا ہے۔ دعوتی سرگرمیوں کے ذریعے عام افراد کو اپنی تحریک کا حصہ بنانا ہے۔ شاہنواز فاروقی نے کہا کہ طاغوتی نظام کو شکست دینے کے لئے علمی میدان میں آگے آنا ہوگا۔ لبرازم اور سیکولر ازم سے لڑنے کے لئے سائنسی علوم کا مطالعہ کرنا ہوگا۔ جماعت اسلامی ہی اس ملک کے نظام کو بہتر کر سکتی ہے۔

سید انوار احمد
سیکریٹر ی اطلاعات
جماعت اسلامی، وسطی
0345-2385320