ریاض (جیوڈیسک) سعودی وزیر خارجہ سعود الفیصل نے کہا ہے کہ مغربی ممالک کی جانب سے مصر کی امداد روکے جانے کی صورت میں عرب ممالک مصر کی مدد کریں گے۔ سعودی عرب کے وزیر خارجہ سعود الفیصل نے فرانس سے واپسی پر مقامی ذرائع سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر مغربی ممالک نے مصر کے لئے اپنی امداد روکی تو تمام عرب اور اسلامی ممالک مصر کی بھرپور مدد کریں گے۔
واضح رہے کہ مصرمیں گذشتہ ہفتے ہونے والی خونریزی پر امریکہ اور مغربی ممالک نے گہری تشویش کا اظہار کیا تھا اور اِسی صورتحال کے مد نظر یورپی یونین کے 28 وزرائے خارجہ کی ہنگامی ملاقات بدھ کو متوقع ہے جس میں یورپی ممالک کے مصر سے تعلقات پر نظر ثانی کی جائے گی اور مصر پر تجارتی پابندیاں لگائے جانے پر بھی غور کیا جائے گا۔