میسجنگ ایپ واٹس ایپ کے ذریعے دنیا بھر کے صارفین کو سب سے زیادہ بے وقوف بنانے کا رجحان ہے، اس کی تازہ مثال حال ہی میں سامنے آئی ہے جس میں واٹس ایپ صارفین کو بغیر وائی فائی کے مفت انٹرنیٹ کی سہولت دینے کا جھانسہ دیا جا رہا ہے۔ اگر تھوڑی سی عقل استعمال کی جائے تو یہ آفر تکنیکی اعتبار سے بھی مکمل طور پر صرف بکواس ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا سائٹس پر صارفین کو بے وقوف بنانے کیلئے پیغامات بھیجے جا رہے ہیں جس میں ایک لنک کے ذریعے صارفین کو خصوصی دعوت دی جا رہی ہے۔ جیسے ہی صارفین اس لنک پر کلک کرتے ہیں،ایک پیج نمودار ہوتا ہے جس پر اس سکیم کے اصلی ہونے کی یقین دہانی کرائی جاتی ہے اور صارفین سے کہا جاتا ہے کہ وہ اس لنک کو کم از کم 13 افراد کے ساتھ شیئر کریں جس سے یہ فراڈ آگے پھیل سکے۔
ان سکرین شاٹس کے اختتام پر آپ کو کچھ صارفین کے کمنٹس بھی پڑھنے کو ملیں گے جس میں وہ اس آفر کے اصلی ہونے کے بارے میں لوگوں کو بتاتے نظر آئیں گے۔
اب سوال یہ ہے کہ ان آن لائن فراڈ سے کیسے بچا جائے؟ تو اس کا واحد حل آگاہی ہی ہے۔ آپ کو جیسے ہی اس قسم کے فراڈ کا پتہ چلے آپ انٹرنیٹ کے ذریعے اپنے دوستوں کو اس سے آگاہ کریں تا کہ وہ اس سے بچ سکیں۔