اسلام آباد (جیوڈیسک) حکومت درآمدی مہنگی یوریا کھاد کسانوں کو سستے داموں فراہم کرنے کے لیے 7 ارب روپے کی سبسڈی دینے کا ارادہ رکھتی ہے۔ ملک میں یوریا کی طلب 30 لاکھ ٹن جبکہ مقامی پیداوار 24 لاکھ ٹن ہے اس طرح ربیع کے سیزن میں کاشت کاروں کی مانگ کو پورا کرنے کے لیے حکومت 6 لاکھ ٹن یوریا درآمد کر رہی ہے۔
وزارت صنعت و پیداوار کے مطابق امپورٹ کی ہوئی یوریا کی فی بیگ 2370 روپے کا پڑ رہا ہے اور کسانوں کو 50 کلو کی بوری 1780 روپے میں فروخت کرنے کے لیے کھاد کے فی تھیلے پر سرکار کو 590 روپے کی سبسڈی برداشت کرنی پڑے گی۔ گندم ربیع کی اہم فصل ہے جس کی سالانہ پیداوار 2 کروڑ 40 لاکھ ٹن سے زائد ہے۔