گندم کی خریداری کا عمل شفاف بنانے اور میرٹ پر باردانہ کے اجراء کیلئے سخت مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ ملک تنویر اسلم
Posted on May 3, 2014 By Majid Khan سٹی نیوز
گجرات : صوبائی وزیر ہائوسنگ و کمیونیکشن اینڈ ورکس ملک تنویر اسلم اعوان نے کہا ہے کہ گندم کی خریداری کا عمل شفاف بنانے اور میرٹ پر باردانہ کے اجراء کیلئے سخت مانیٹرنگ کی جا رہی ہے ، تا کہ کسانوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی او آفس میں گندم خریداری کے عمل کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
صوبائی وزیر نے بعد ازاں گندم خریداری مرکز منگووال اور ڈنگہ کا دورہ کیا ، اور کسانوں سے بات چیت کی ، ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ ، ایم پی اے میاں طارق محمود ، میجر(ر) معین نوازایم پی اے، ایم پی اے حاجی عمران ظفر ، ایم پی اے نوابزادہ حیدر مہدی ، چوہدری اشرف دیونہ ، ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ نوید اشرف ، ڈی ایف سی سفیان آصف ، اے سی وقار حسین خان اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
صوبائی وزیر نے ارکان اسمبلی اور افسران کی نشاندہی پر ہدایت کی کہ محکمہ خوراک ڈنگہ اور منگووال کے علاقہ میں گندم کے نئے گوداموں کی تیاری کیلئے تجاویز تیار کر کے بھجوائے ، صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت نے بار دانہ کے اجراء کی مد میں فی ایکٹر 8بوری سے بڑھا کر 12بوری کر دی ہے ، محکمہ خوراک کسانوں کو آگاہی کیلئے اس کی تشہیر کرے ، مراکز خریداری پر کسانوں سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر ملک تنویر اسلم اعوان نے کہا کہ گندم کی قیمت میں اضافہ کیلئے کسانوں کا مطالبہ اعلیٰ حکومتی سطح پر پہنچایا جائیگا ، اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے ڈی ایف سی سفیان آصف نے بتایا کہ ضلع گجرات کیلئے 25ہزار میٹرک ٹن گندم خریداری کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ، اب تک 61,552بوری باردانہ جاری کیا جا چکا ہے ، انہوں نے بتایا کہ 23مئی تک گندم کی خریداری کا ہدف حاصل کر لیا جائیگا۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com