میرپورخاص (جیوڈیسک) صوبائی وزیر خوراک سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ گندم کی خریداری کا ہدف گیارہ لاکھ میٹرک ٹن کردیا گیا ہے جو گزشتہ سال سے دولاکھ میٹرک ٹن زیادہ ہے۔
صوبائی وزیر خوراک نے میرپورخاص میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی جس میں منتخب نمائندے،کمشنر میرپورخاص، ضلعی اور محکمہ خوراک کے افسران سمیت آبادگار تنظیموں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی، اس موقع پر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ کہ گندم کی خریداری اور باردانے کی تقسیم میں چھوٹے کاشتکاروں کوترجیح دی جائے گی۔
صوبائی وزیر خوراک کا کہنا تھا کہ میرپورخاص ڈویژن کیلئے باردانے کی تعداد2 لاکھ 59ہزار سے بڑھا کر ساڑھے تین لاکھ کردی گئی ہے، گندم خریداری اور باردانے کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانےکیلئے انتظامیہ کے افسران، کاشتکار نمائندوں اور محکمہ خوراک کے اہلکاروں پر مشتمل کمیٹیاں بھی قائم کی جائیں گی۔