پنجاب (جیوڈیسک)وزیراعلی نجم سیٹھی کی زیرصدارت ایوان وزیراعلی میں پنجاب کی نگران کابینہ کا پہلا اجلاس جس میں گندم خریداری کا ہدف 40 لاکھ ٹن مقرر کردیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی وزرا، چیف سیکرٹری، سیکرٹری صاحبان اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
پنجاب کی نگران کابینہ نے گندم کی خریداری مہم 2013-14 کی منظوری دے دی۔ اس موقع پر وزیراعلی نجم سیٹھی نے کہا کہ رواں سال گندم کی خریداری کا ہدف 40لاکھ میٹرک ٹن مقرر کیا گیا ہے، تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ کاشتکاروں میں باردانہ کی تقسیم کا عمل 15اپریل سے شروع ہوگا۔ جبکہ 20 اپریل سے گندم کی باقاعدہ خریداری کا آغاز کیاجارہاہے۔
نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ کاشتکاروں میں باردانہ کی تقسیم کا عمل مکمل طور پر شفاف اور غیر جانبدار انداز سے ہونا چاہئے۔ صوبہ بھر میں گندم کی خریداری کے لئے 376مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ کاشتکاروں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچانے کے لئے مڈل مین کو کسی بھی صورت گندم فروخت نہیں کی جائے گی۔
صوبائی ، ڈویژنل اور ضلعی سطح پر شکایات سینٹرز قائم کئے جائیں گے۔ جہاں کاشتکاروں کی کسی بھی شکایت کا فوری نوٹس لے کر اسے ترجیح بنیادوں پر حل کیاجائے۔ اور خریداری مہم کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی جائے گی۔