ٹوبہ ٹیک سنگھ (جیوڈیسک) ویلروں نے شہر کی مختلف شاہراہوں پر اودھم مچائے رکھا، پولیس کے دعوؤں کی قلعی بھی کھل گئی۔ تفصیلات کے مطابق عید کے ایام میں ویلر ٹوبہ ٹیک سنگھ شہر کی مصروف ترین سڑکوں سمیت مختلف چوکوں اور عوامی مقامات پر کرتب دکھاتے نظر آئے، مذکورہ ویلروں نے فاریسٹ پارک جھنگ روڈ، سپورٹس سٹیڈیم اور ماڈل بازار کے علاقوں کو خصوصی ہدف بنائے رکھا جہاں خواتین اور فیمیلیز کا انتہائی رش تھا، ویلروں کے خطرناک کرتب دکھانے کے باعث ٹریفک کا نظام درہم بر ہم رہا اور شہریوں خصوصاً خواتین کو آمد ورفت میں شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔
باوثوق ذرائع کے مطابق ویلنگ پر لاکھوں روپے کا جوا بھی کھیلا گیا۔ دوسری جانب عید سے قبل ویلروں کے خلاف سخت ترین کارروائی کے بلند وبانگ دعوے کرنے والے پولیس افسران اور اہلکار منظر سے مکمل طور پر غائب رہے اور انہوں نے عید کے تین دن کسی قسم کی کارروائی کی ضرورت محسوس نہیں کی۔