ڈھاکا (جیوڈیسک) بنگلہ دیش کی جانب سے ہدف کے تعاقب میں تمیم اقبال اور سومیا سرکار نے اننگز کا آغاز کیا۔ پہلے اوور کے اختتام پر بنگلہ دیش کو 14 رنز پر ایک وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا۔
بنگلہ دیش کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی سومیا سرکار تھے جو بغیر کوئی سکور کیے رن آؤٹ ہوئے۔ بنگلہ دیش کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تمیم اقبل تھے جو 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ بنگلہ دیش کی تیسری وکٹ 38 رنز پر گری۔ شفق الرحیم 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
شکیب الحسن نے بولرز کی خوب درگت بنائی۔ شبیر رحمان کے ساتھ انہوں نے فاتحانہ اننگز کھیلی ۔ شکیب الحسن ستاون اور شبیر رحمان اکاون رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوئے۔ سات وکٹ کی بدترین شکست کے ساتھ ہی دو ہزار سات سے مسلسل سات میچ جیتنے والی قومی ٹیم بنگلا دیش کے ہاتھوں ٹی ٹوئنٹی میچ بھی ہار گئی ۔اس سے پہلے پاکستان نے ٹاس جیت کر بنگلا دیش کے خلاف بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ڈیبیو کرنے والے مختار احمد بطور اوپنر احمد شہزاد کے ساتھ میدان میں آئے دونوں نے ذمہ دارانہ کھیلتے ہوئے چھ اوور میں بغیر کسی وکٹ کے اکتیس رنز بنائے ٹوٹل جب پچاس تک پہنچا تو تجربہ کار اوپنر احمد شہزاد کیچ آؤٹ ہو گئے وہ ٹوٹل میں سترہ رنز کا اضافہ کر سکے۔ کپتان شاہد آفریدی بارہ رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
شاہد آفریدی کے آؤٹ ہونے سے متعلق دلچسپ خبر یہ ہے کہ امپائر کی انگلی کھڑی دیکھ کر ٹی 20 قوانین سے لاعلم کپتان ریویو مانگنے کی کوشش کرتے نظر آئے۔ پاکستان کی تیسری وکٹ 77 رنز کے مجموعی سکور پر گری جب مختار احمد 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کو 126 رنز کے مجموعی سکور پر چوتھا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب حفیظ 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے مستفیض الرحمٰن نے دو، سنی عرفات اور تسکین احمد نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔