پورے ملک میں ایک ساتھ رمضان کا آغاز کیا جائے

Ramadan

Ramadan

پشاور (جیوڈیسک) صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیر برائے زکوٰۃ ، اوقاف اور مذہبی امور حاجی حبیب الرحمان نے کہا ہے کہ زونل کمیٹیوں کو مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے فیصلے کا احترام کرتے ہوئے پورے ملک میں ایک ہی دن روزہ رکھنے پر اتفاق کرنا چاہیٔے۔

ہفتے کو حاجی حبیب الرحمان نے کہا کہ زونل کمیٹی شہادتوں کا جائزہ لے کر مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو آگاہ کرے گی۔ انہوں نے مرکزی رویت ہلال کمیٹی سے درخواست کی کہ رمضان المبارک کے چاند کا اعلان کرنے سے قبل زونل کمیٹی کی شہادتوں کا انتظار کیا جائے۔

صوبائی حکومت نے مقامی کمیٹیوں پر بھی زور دیا ہے کہ وہ روزہ رکھنے سے متعلق حتمی اعلان کا احترام کریں اور اس بات کو یقینی بنانے میں مدد کریں کہ ملک بھر میں روزہ ایک ہی دن رکھا جاسکے۔

رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے حوالے سے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج بروز ہفتہ کراچی میں مفتی منیب الرحمان کی صدارت میں منعقد ہوگا، جبکہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس بھی صوبائی ہیڈکوارٹروں میں ہوں گے۔