پورے پاکستان میں فعال بلدیاتی نظام کا قیام اور پولیس سمیت تمام اداروں کو سٹی ناظم کے ماتحت کیا جائے

کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہاکہ سندھ کے حکمرانوں نے بلدیاتی نظام کو تختہ مشق بنا کر پورے سندھ کے عوام کو مسائل کے دلدل میں دھکیل دیا ہے شہر ہو یا دیہات کچرے کے ڈھیروں میں تبدیل ہو چکا ہے عوام مسائل سے دو چار ہیں انہوں نے کہاکہ عوام کو اختیار دیئے بغیر قیام امن کا خواب کبھی پورا نہیں کیا جاسکتا بلدیاتی نظام کا مکمل اختیار کے ساتھ قیام ہی امن کے قیام کو ممکن بنایا جاسکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے عوامی مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے مختلف علاقوں میں عوامی وفود سے ملاقات کرتے ہوئے کیا حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہاکہ پورے ملک میں یکساں بلدیاتی نظام قائم کرکے پولیس سمیت عوامی سہولیات کی فراہمی پر مامور اداروں کا کنٹرول بلدیاتی اداروں کو دیا جائے انہوں نے کہاکہ آج سندھ کے تمام علاقوں میں بلدیاتی ادارے شدید مالی بحران کا شکار ہیں جس کی وجہ سے نہ صرف عوامی سہولیات کی فراہمی میں تعطل ہے بلکہ بلدیاتی ملازمین کی تنخواہیں بھی تعطل کا شکار ہیں۔

اس موقع پر عوام نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ ملک میں 2001ء کے طرز پر مکمل اختیارات کے ساتھ بلدیاتی نظام کا قیام عمل میں لاکر عوام کو خودمختاری دے تاکہ علاقائی مسائل کے حل کے ساتھ ترقی اور امن کے خواب کو بھی عملی تعبیر دی جاسکے عوام نے کہاکہ پیپلز پارٹی کی جانب سے 34سالہ پرانا و بوسیدہ بلدیاتی نظام کا نام تبدیل کرکے اسے 2013ء کا نام دینا نہ صرف عوام کے ساتھ دھوکہ بلکہ عوام کی توہین ہے عوام نے کہاکہ افسوس کا مقام ہے کہ ایک جمہوری جماعت کے دعوے کرنے والی جماعت کی حکومت کے دور میں عوام کو غیر جمہوری اور آمرانہ بلدیاتی نظام دیا جارہا ہے۔

عوام نے حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ شہری اور دیہی تفریق کا سلسلہ فوری بند کرے اور نام نہاد 2013ء کے بلدیاتی نظام کو فوری واپس لیکر عوامی اُمنگوں کے مطابق نچلی سطح پر اختیارات کے ساتھ بلدیاتی نظام کا قیام یقینی بنا ئے اس موقع پرحق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے عوام کو یقین دلایا کہ عوام کو مسائل سے نکالیں گے اور غیر جمہوری بے اختیار بلدیاتی نظام کے خلاف عوامی طاقت کے ساتھ ہر فورم پر آواز بلند کیا جائے گا۔