کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے 32 ویں یوم تاسیس کے موقع پر جناح گراؤنڈ کراچی میں ہونے والے جلسے میں کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ جلسے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے سینئر ڈپٹی کنوینئر ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کسی اور کی وکٹ پر کھیلنے کے بجائے سب کو اپنی وکٹ پر کھلائے گی۔
انکا کہنا تھا کہ جو الزام ایم کیو ایم پر اب لگ رہے ہیں وہ روز اول سے لگتے چلے آئے ہیں جنہیں ہر دور میں ایم کیو ایم نے مسترد ہی کیا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ اگر یہ الزام عدالت کے ذریعے لگے تو ایم کیو ایم عدالت میں بھی انکا سامنا کرنے کے لئے تیار ہے۔ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن کمال ملک کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے ایم کیو ایم سے بغاوت کی انہیں نام اسی جماعت نے دیا ہے۔
اس موقع پر ایم کیو ایم کی جانب سے ملک میں 20 صوبوں کے قیام، مردم شماری کرانے اور بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات دینے کے حق میں قرارداد بھی منظور کی گئی۔