کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار کا کہنا ہے کہ وکٹیں گرانے والے پتلی گلی کا راستہ دیکھ کر رکھیں کیونکہ 2018 کے انتخابات میں عوام ان کی وکٹیں گرائیں گے۔
جامعہ کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایم کیو ایم رہنما فاروق ستارنےکہا کہ ایم کیو ایم پر سے یہ الزام آہستہ آہستہ صاف ہورہا ہے کہ ہماری جماعت میں آنے کا راستہ ہے جانے کا نہیں، لوگ اپنی مرضی سے جارہے ہیں لیکن عوام ایم کیو ایم کے ساتھ جڑے رہیں گے۔ مصطفیٰ کمال پہلے بھی مشورے لیتے تھے، اب میڈیا کے ذریعے مشورے لینا چاہ رہے ہیں، میرا انہیں مشورہ ہے کہ ضد اور بچپنا چھوڑ دیں اور اچھے بچے بن کر اپنی غلطی کا احساس کریں، دریاکبھی الگ نہیں بہتا،اسےسمندرمیں جاناپڑتا ہے۔ وکٹیں گرانے والے پتلی گلی کاراستہ دیکھ کر رکھیں اور 2018 کے انتخابات میں عوام ان کی وکٹیں گرائیں گے۔
فاروق ستار نے کہا کہ پانامالیکس کے حوالےسےپورےملک میں بے چینی اوراضطراب ہے، اس پر قومی مشاورت ضروری ہے، حکومت کا فرض ہے کہ ایسا انکوائری کمیشن بنائے جس پر پوری قوم کو اعتماد ہو۔ اشتعال کی سیاست نہیں ہونی چاہئے، جمہوریت کےغبارے میں کوئی لیک نہیں ہونی چاہئے۔
جامعہ کراچی سے متعلق ایم کیو ایم کے رہنما نے کہا کہ تعلیم کے بغیر ہم آگے نہیں بڑھ سکتے، آئندہ چند سالوں میں جامعہ کراچی پاکستان کی صف اول کی جامعہ ہوگی، جامعہ کراچی آکر محسوس ہوا یہ صرف لڑکیوں کی جامعہ رہ گئی ہے، سیاست کا بگاڑ ختم کرنے کے لئے ہماری بیٹیاں زیادہ آگے آئیں گی ۔ جامعہ کراچی کےطلبا کےلئے پوائنٹس کےعلاوہ ٹرین بھی چلائیں گےاورجامعہ کی زمینوں کو قبضہ مافیہ سے بچائیں گے جب کہ قبضہ مافیا سے چھڑائی گئی زمینوں پر لیبارٹریز بنائیں گے۔