بیوی کے قتل پر پاکستانی نژاد امریکی کو جیل

America

America

نیو یارک (جیوڈیسک) امریکا میں ایک جج نے بیوی کو قتل کرنے والے ایک معمر پاکستانی امریکی کو اٹھارہ سال قید کی سزا سنائی ہے۔

پچھتر سالہ نور حسین نے کھانا نہ بنانے پر اپریل، 2011 میں نیو یارک، بروکلین میں واقع اپارٹمنٹ میں اپنی بیوی نظر کو قتل کر دیا تھا۔

حسین نے کئی سالوں سے اپنی تیسری بیوی 66 سالہ نظر کے ساتھ توہین آمیز رویہ اپنا رکھا تھا۔

معمر حسین کی طبیعت صحیح نہیں اور وہ ادویات کا سہارا لیتے ہیں ، جس کا مطلب یہ ہے کہ وہ شاید اپنی سزا پوری نہ کرتے ہوئے جیل میں ہی انتقال کر جائیں۔

ڈسٹرکٹ اٹارنی کینتھ تھامسن نے بروکلین سپریم کورٹ کی جانب سے سخت سزا کوخوش آئند قرار دیا ہے۔

تھامسن کا کہنا تھا کہ حسین نے وحشیانہ طور پر بستر پر لیٹی نظر کو تشدد کا نشانہ بنایا، جو اپنا دفاع بھی نہ کر سکی۔

میڈیکل تجزیہ کار کے دفتر کے مطابق نظر کو بیس سے زائد ضربیں لگیں اور ان کی موت کی وجہ برین ہیمرج تھا۔

حسین نے تسلیم کیا تھا کہ انہوں نے اپنا من پسند کھانا نہ بنانے پر نظر کو ڈنڈے سے پیٹا تھا۔

حسین کے مطابق، نظر ان کی توہین کرتی تھیں اور ان کے خیال میں وہ اپنی اکیس سال سے بیوی کو ‘درست’ کرنے کا حق رکھتے تھے۔

ان کی پڑوسی صفیدہ خان نے عدالت کو بتایا کہ حسین کئی سالوں سے نظر کے ساتھ خراب رویہ رکھے ہوئے تھے اور یہ کہ انہوں نے دو مرتبہ جھگڑوں میں مداخلت کی۔

صفیدہ نے بتایا کہ واقعہ والے دن انہوں نے نظر کو روتے، چیختے جبکہ حسین کو برا بھلا کہتے سنا تھا۔

رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ گیس سٹیشن پر کام کرنے والے حسین بہتر زندگی کے لیے تیس سال پہلے امریکا آئے تھے۔