ولنگٹن (جیوڈیسک) نیوزی لینڈ نے سیریز کے آخری ایک روزہ میچ میں بھی پاکستان کو شکست دے کر سیریز میں کلین سویپ کر دیا ہے۔ پانچویں ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز بنائے جس میں مارٹن گپٹل کے شاندار 100 رنز بھی شامل تھے۔ ان کے علاوہ روس ٹیلر نے 59 رنز اور کولن منرو نے 34 رنز کی قابل ذکر اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے عامر یامین نے ایک ، رومان رئیس نے تین اور فہیم اشرف نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ پاکستانی ٹیم ہدف کے تعاقب میں قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکی اور بلے باز روائتی انداز میں ایک کے بعد ایک کر کے اپنی وکٹیں گنواتے رہے۔ ہدف کے تعاقب میں فخر زمان 12 ، عمر امین 2، بابر اعظم 10، محمد حفیظ 6 ، سرفراز احمد 3 رنز، حارث سہیل 63 ،شاداب خان 54، فہیم اشرف 23،محمد نواز 23 ، رومان رئیس 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ عامر یامین نے 27 گیندوں پر 32 رنز کی شاندار ناقابل شکست اننگز کھیلی جس میں تین چوکے اور ایک چھکا شامل تھا ۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے مارک ہنری نے 4 ،گرینڈ ہوم نے ایک ، فرگوسن نے دو اور سینٹنر نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان دورہ نیوزی لینڈ میں کھیلے جانے والے پانچوں ایک روزہ میچز میں سے ایک میں بھی کامیابی حاصل نہیں کرسکا۔