لندن (جیوڈیسک) عالمی نمبر ایک سربیا کے نوواک جوکووچ، ڈیوڈ فیرر اور سرینا ولیمز نے ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ کے پری کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ لندن کے آل انگلینڈ کلب میں جاری ٹورنامنٹ کے تیسرے رانڈ کے میچ میں عالمی نمبر ایک سربیا کے نوواک جوکووچ نے فرانس کے جیریمی چارڈی کے خلاف اسٹریٹ سیٹس میں کامیابی حاصل کی۔
جوکووچ کی فتح کا اسکور چھ تین، دو دو اور چھ دو رہا۔ ایک اور میچ میں فورتھ سیڈ اسپین کے ڈیوڈ فیرر کو ٹوئنٹی سکستھ سیڈ یوکرین کے ایلگزینڈر ڈولگوپولو کے خلاف سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔
فیرر نے پانچ سیٹ کے مقابلے کے بعد فتح حاصل کی۔ ابتدائی دو سیٹس کا فیصلہ ٹائی بریک پر ہوا۔ تیسرا سیٹ یوکرین کھلاڑی نے جیت کر برتری حاصل کی۔ جس کے بعد فیرر نے کم بیک کیا اور آخری دونوں سیٹس جیت کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔ ویمنز سنگلز کے تیسرے رانڈ کے میچ میں ٹاپ سیڈ امریکہ کی سرینا ولیمز نے جاپان کی ڈیٹ کرم کو باآسانی اسٹریٹ سیٹس میں زیر کیا۔ ولیمز نے چھ دو اور چھ صفر سے میچ اپنے نام کیا۔