اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) ملک بھر میں مغربی ہواؤں کا نیا سسٹم داخل ہونے کے باعث کراچی سمیت دیگر شہروں میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔
ملک بھر میں شدید سردی کی لہر بر قرار ہے جس کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کالام میں سب سے کم درجہ حرارت منفی 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
اسکردو میں منفی 14، راولا کوٹ،گلگت، ہنزہ، دیر اور مالم جبہ میں منفی 6، کاکول اور قلات میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
کوئٹہ اور مری میں منفی 3، اسلام آباد اور پشاور میں منفی ایک، لاہور، راولپنڈی، ملتان اور سرگودھا میں منفی 3 جب کہ کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں مغربی ہواؤں کے سبب سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے اور آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں ہلکی بارش کا بھی امکان ہے۔
ادھر بارشیں برسانے والا نیا سسٹم بلوچستان میں داخل ہونے کے بعد مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
گوادر، آواران، واشک، خاران، پشین، ہرنائی، قلعہ عبداللہ، پشین، ژوب اور ہرنائی میں بھی موسلادھار بارش کا امکان ہے جب کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئٹہ، قلات، سوراب، مستونگ اور زیارت میں برفباری ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے حکام نے بتایا کہ بارش سے سسٹم کے زیر اثر آنے والے اضلاع کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے اس لیے تمام متعلقہ حکام کو اس دوران الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔