اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) سردی کی شدت برقرار مگر سکولوں میں موسم سرما کی چھٹیاں ختم ہو گئیں، لاہور سمیت پنجاب بھرمیں سکول کھل گئے۔
سردی اور بارش کے باوجود بچوں کی سکولوں میں آمد مگر حاضری معمول سے کم رہی، بچے موسم انجوائے کرتے ہوئے سکولوں میں آئے۔ طلبہ کا کہنا تھا کہ پہلے دن سکول اس لیے آئے ہیں تاکہ دوستوں سے مل سکیں، چھٹیوں کے بعد پہلا دن ہے پڑھائی تو ہوگی نہیں۔
موسم سرما کی چھٹیوں کا آغاز 20 دسمبر سے ہوا اور آج تمام سرکاری اور نجی سکول کھول دئیے گئے۔ سردی میں شدت اور دھند کے باعث محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے سکولوں میں معمول سے زیادہ چھٹیاں دی گئی تھیں۔