حیدرآباد (جیوڈیسک) پاکستان مسلم لیگ کے رہنما اور سابق وزیراعلی سندھ ارباب غلام رحیم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس وقت ملک بحرانی کیفیت سے دوچار ہے، سندھ کی تقسیم کی بات کرکے ایک وفاقی پارٹی کو پھر مظلوم بنایا جارہا ہے، جبکہ صوبے بنانا ایک آئینی مسئلہ ہے جو ایک پارٹی کے بس کی بات نہیں ہے۔
انہوں نے کہاکہ میں نے سندھ کے مفادات کے خاطر سندھ کے قوم پرستوں اور ایم کیوایم کو ایک ساتھ بٹھا کر سندھ کے شہری سندھیوں اور دیہی سندھیوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کی کوشش کی جس سے کافی بہتری بھی ہوئی مگر اس وقت بغیر کسی مقصد کے بیانات دے کر سندھ میں دوبارہ افراتفری پیدا کی جارہی ہے جو عقلمندی نہیں ہے، اس صورتحال میں سندھ میں بھی نفرتوں کی آگ کو نہ بھڑکایا جائے بلکہ اس آگ کو ٹھنڈا کرنے کی کوشش کی جائے۔