ودہولڈنگ ٹیکس میں نصف کمی پر حکومتی رضامندی حکمرانوں کی عیاری کا ثبوت ہے: امیر پٹی

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) روس میں نواز مودی ملاقات پر تبصرہ کرتے ہوئے محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد و چیئرمین امیر پٹی نے کہا کہ عالمی میٹنگوں اور اجلاسوں میں سربراہان مملکت کی ملاقاتیں عمومی معاملات ہیں ان سے خوش کن امیدیں اور توقعات وابستہ کرنا حماقت کے سوا کچھ بھی نہیں جبکہ بھارتی قیادت کا منافقانہ کردار تاریخ کے ریکارڈ پر موجود ہے اسلئے نواز مودی ملاقات سے حکمران ٹولے اور اس کے کاروباری معاملات کو تو شاید کوئی فائدہ پہنچ جائے مگر اس ملاقات سے پاکستان و عوام کے کسی فائدے کی توقع نہیں رکھی جاسکتی۔

بنک ٹرانزیکشن پر ود ہولڈنگ ٹیکس میں نصف کمی پر حکومتی رضامندی کو حکومتی چالاکی قرار دیتے ہوئے امیر پٹی نے کہا کہ حکومت سیلز مین کا کردارادا کررہی ہے اور ہر بار ہر چیز کی قیمتوں و ٹیکسز میں دوگنا اضافہ کرکے عوامی احتجاج پر اسے نصف کرکے عوام ‘ صنعتکاروں اور تاجروں کو بے وقوف بناکر اپنے مفادات کو حاصل کرکے ہی رہتی ہے۔

سانحہ صفورہ کے اہم ملزم سعد عزیز کے جے آئی ٹی کے روبرو انکشافات پر تبصرہ کرتے ہوئے امیر پٹی نے کہا کہ سعد عزیز کی انکشافات پاکستان میں داعش کی موجودگی سے انکار کرنے والوں کے منہ پر طمانچہ ہی نہیں ہیں بلکہ سانحہ صفورہ کے اصل ذمہ داران بھی وہی لوگ ہیں جو پاکستان میں داعش کی موجودگی سے انکار کرکے عوام کو دھوکا دیتے رہے ہیں اور داعش کیخلاف کاروائی کرنے کی بجائے آنکھیں بند کرکے داعش کو سانحہ صفورہ کے ذریعے یمن کے حوثی باغیوں کی طرح قتل عام کا موقع فراہم کرنے کا باعث بھی بنے ہیں۔