اگر ودہولڈنگ ٹیکس کا خاتمہ کر دیا جائے تو تاجر برادری میں بے چینی کا خاتمہ ہو جائے گا۔ طاہر جمیل

Faisalabad

Faisalabad

فیصل آباد : پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی رہنما و انجمن تاجران منٹگمری بازار کے صدر حافظ طاہر جمیل میاں نے 50 ہزار روپے تک بینک ٹرانزکشنز ودہولڈنگ ٹیکس کے خاتمے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ودہولڈنگ ٹیکس کا مکمل خاتمہ کر دیا جائے تو اس سے تاجر برادری میں پائی جانیوالی بے چینی کا خاتمہ ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اپنی ہی رقم پر ودہولڈنگ ٹیکس دیتے ہوئے تاجروں کی جان جاتی ہے ‘ اگر کسی غیر کا پیسہ ہو تواس کی ٹرانزکشن پر ودہولڈنگ سمیت کسی بھی قسم کا ٹیکس لاگو ہو تو کسی کو کوئی اعتراض نہیں ہوگا تاہم اپنی ہی رقم پر ٹیکس وہ جو ہم پہلے ہی ادا کرچکے ہوتے ہیں اسی رقم پر دوبارہ ٹیکس دیں تو یہ تکلیف دہ امر ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے تاجروں کی فلاح و بہبود کیلئے بے پناہ اقدامات کئے ہیں جن کے بہترین اثرات برآمد ہو رہے ہیں مگرصرف ودہولڈنگ کی وجہ سے وہ تمام اچھے اقدامات نظروں سے اوجھل ہو رہے ہیں ‘ وزیرخزانہ اسحاق ڈار اس معاملے پر حقیقی تاجروں کو اعتماد میں لیکر اگر کوئی فیصلہ کرتے تو آج تاجر سراپا احتجاج نہ ہوتے۔

جو لوگ تاجروں کا لبادہ اوڑھ کر اسلام آباد گئے اور وزیرخزانہ کیساتھ تصاویر بنوانے کے شوق میںوہاں اپنے مطالبات ادھورے چھوڑ کر حکومتی فیصلہ مان کر آگے آج وہی لوگ احتجاج کرنیوالوں میں سرفہرست ہیں لہٰذا تاجر برادری بھی ایسے لوگوں کوپہچانیں اور کسی کے دھوکے میں مت آئیں۔