اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک میں تاجروں کے بڑھتے ہوئے تحفظات کو فوری حل کرنے کے لیے وزیراعظم نواز شریف 10ستمبر کو کراچی میں ان سے ملاقاتیں کریں گے، تاجروں، سرمایہ کاروں، فیڈریشن چیمبر آف کامرس، ملک بھر کے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور ٹریڈرز کے رہنماؤں سے 2 روز تک ملاقاتیں جاری رہیں گی۔
تاجروں کے مسائل اور تحفظات کو فوری حل کرنے کے لیے وزیر اعظم کے ہمراہ وفاقی وزیر خزانہ، وفاقی وزیر پانی و بجلی، وفاقی وزیر پٹرولیم سمیت وفاقی کابینہ کے 8 وزرا اور چیئرمین ایف بی آر بھی ہوںگے۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر کے چھوٹے تاجر 0.3 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔
دوسری طرف سرمایہ کار اور درآمد و برآمد کنندگان ٹیکس ریفنڈ نہ ہونے پر سراپا احتجاج ہیں، اس کے علاوہ بجلی گیس کی قیمتوں میں اضافہ، لوڈشیڈنگ، کراچی میں مہنگے داموں پانی کی فروخت سے کاروبار کو پہنچنے والے نقصانات کا ازالہ چاہتے ہیں۔