ودہولڈنگ ٹیکس کے خلاف تاجر آج ملک گیر ہڑتال کر رہے ہیں

Strike

Strike

لاہور (جیوڈیسک) بینکوں کی ٹرانزکشن پر اعشاریہ 3 فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ کے خلاف آج تاجر ملک گیر ہڑتال کر رہے ہیں۔ اس سے قبل تاجروں نے احتجاجا 4 ستمبر کو بینکوں سے لین دین کا بائیکاٹ بھی کیا تھا۔

حکومت نے ٹیکس ادا نہ کرنے والوں اور نان فائلرز کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے بینکوں سے ٹرانزیکشن پراعشاریہ 6 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس عائد کیا تھا جسے تاجروں کے احتجاج کے بعد 30 ستمبر تک کے لیے اعشاریہ 3 فیصد تک کردیا گیا تھ ۔

ذرائع کے مطابق یکم اکتوبر سے ٹیکس کی شرع کو دوبارہ اعشاریہ 6 فیصد کر دیا جائے گا جس پر آج تاجر کراچی سمیت ملک بھر میں ہڑتال کر رہے ہیں ۔ تاجروں نے مطالبہ کیا کہ ود ہولڈنگ ٹیکس کسی صورت قبول نہیں۔

دوسری جانب ایف بی آر نے بینکوں سے 50 ہزار سے زائد کی ٹرانزیکشن کرنے والے افراد کا دو ماہ کا ریکارڈ طلب کرلیا ہے ۔ ریکارڈ سے ٹیکس فائلر اور نان فائلر کا پتہ لگایا جائے گا اور یہ بھی معلوم کیا جائے گا کہ رقم منی لانڈرنگ یا کسی اور غیر قانونی سرگرمی کے لئے تو استعمال نہیں کی گئی۔