بغیر نمبر پلیٹس و رجسٹریشن موٹرسائیکلوں کیخلاف آپریشن

Rawalpindi

Rawalpindi

راولپنڈی (جیوڈیسک) امن وامان، سکیورٹی کی صورتحال اور شناخت کو یقینی بنانے کے لئے سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے ضلع بھر میں بغیر نمبر پلیٹس اور بغیر رجسٹریشن والی موٹرسائیکلوں کیخلاف گرینڈ آپریشن شروع کر دیا، 1300 سے زائد موٹرسائیکل تھانوں میں بند کر دیئے گئے، شہری شدید پریشان، قسطوں پر حاصل کئے جانے والے موٹر سائیکلوں کی سپرداری مشکل ہو گئی۔

تفصیلات کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر کی جانب سے ضلع بھر میں بغیر نمبر پلیٹس اورغیر رجسٹریشن کے چلنے والے موٹرسائیکلوں کیخلاف کارروائی کے احکامات جاری کئے جس پر متعدد سکواڈ بنا کر موٹرسائیکلوں کی پکڑ دھکڑ شروع کی گئی۔

اس حوالے سے چیف ٹریفک آفیسر شعیب خرم جانباز نے دنیا سے گفتگو کر تے ہو ئے کہا کہ دو دنوں میں کل 1300 موٹرسائیکل بند کئے گئے ہیں اور یہ مہم جاری ہے ۔ ادھر راولپنڈی کے تھانوں میں بند کئے گئے موٹرسائیکلوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ بند کئے گئے اکثر موٹرسائیکل اقساط پر ہیں جن کی رجسٹریشن نہیں ہو ئی ہے۔