لیسسٹر (جیوڈیسک) انگلینڈ کے 377 رنز کے جواب میں جب پاکستان نے اپنی اننگز شروع کی تو عائشہ ظفر اور ناہیدہ خان اوپننگ کرنے آئیں۔ عائشہ ظفر 56 رنز پر ناٹ آؤٹ رہیں۔
ناہیدہ 3 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئیں۔ ان کے بعد آنے والی جویریہ 11 رنز بنا کر بولڈ ہو گئیں۔ جویریہ کے بعد اسماویہ اقبال بیٹنگ کرنے آئیں مگر وہ بھی صرف 5 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہو گئیں۔
نین عابدی 23 رنز پر ناٹ آؤٹ رہیں۔ انگلینڈ کے پہاڑ جیسے ٹارگٹ کے مقابلے میں پاکستان ٹیم نے 29 اعشاریہ 2 اوورز میں نہایت سست روی کے ساتھ صرف 107 رنز بنائے تھے کہ بارش نے پھر میچ کو معطل کر دیا اور وہ دوبارہ شروع نہ ہو سکا۔ ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت پاکستان کو جیتنے کیلئے 29 اعشاریہ 2 اوورز میں کم از کم 214 رنز سکور کرنے چاہئے تھے مگر اس نے صرف 107 رنز بنائے تھے چنانچہ انگلینڈ کو 107 رنز سے فاتح قرار دے دیا گیا۔
اس سے قبل پاکستان اور انگلینڈ کا میچ بارش کے باعث تیس منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا۔ قومی ٹیم کی خواتین کی طرف سے ناقص فیلڈنگ کا سلسلہ آخری اوور تک جاری رہا۔ پہلی ہی گیند پر سلپ میں کھڑی فیلڈر نین عابدی نے کیچ ڈراپ کر دیا۔ سارہ ٹیلر 11 رنز بنا کر کائنات امتیاز کی گیند پر آؤٹ ہوئیں۔
ہیتھر نائٹ نے 106 رنز بنائے۔ انہیں اسماویہ اقبال نے آؤٹ کیا۔ نتالی سیور نے 92 گیندوں پر 137 رنز بنائے۔ وہ کپتان ثناء میر کی گیند پر پویلین لوٹیں۔ انگلینڈ نے 7 وکٹوں پر 377 رنز کا بڑا ٹوٹل بنایا۔ اسماویہ اقبال نے تین شکار کئے۔