لاہور (جیوڈیسک) اسپیکرقومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا کہنا ہے کہ اگر خواتین کے بل کے حوالے سے کوئی اختلاف ہے تو ایوان میں بات کی جا سکتی ہے، کوئی بھی بل آخری نہیں ہوتا، اس میں ترامیم آ سکتی ہیں، مولانا صاحب کی اپنی سوچ ہے، انہیں چاہئے کہ ترمیمی بل لائیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی لاہور کے جیلانی پارک میں خصوصی بچوں کی تقریب سےخطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے، انہوں نے کہا کہ یہ موقع ہر جماعت اور ہر رکن اسمبلی کے پاس ہے کہ وہ ترمیمی بل لائے، قومی اسمبلی کےارکان باشعور ہیں، وہ اگر مناسب سمجھیں گے تو ترامیم کو بل کا حصہ بنا لیں گے۔
حکومت سے الگ ہونے کی مولانا کی دھمکی کے حوالے سے سوال پر سردار ایاز صادق نے کہا کہ یہ مولانا کی اپنی سوچ ہے، سبھی جانتے ہیں کہ اسمبلی میں کس کے کتنے لوگ ہیں۔