خواتین معاشرے کا اہم ستون ہیں ، عورت کی ذات میں کائنات کے تمام رنگ موجود ہے۔نشاط محمد ضیاء قادری

کراچی: ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن کورنگی کے تحت ناصر حسین شہید فیملی پارک پر منعقدہ فلاور شو اینڈ فیملی فیسٹیول میں خواتین کے عالمی دن کے موقع پر تقریب کا انعقاد اس موقع پر فلاور شو میں خواتین کو پھولوں کے تحفے پیش کئے گئے (آج) مورخہ 9مارچ بروز اتوارکی شب فلاور شو اینڈ فیملی فیسٹیول میں کامیڈی و میوزیکل نائٹ منعقد ہوگا۔

عالمی یوم خواتین کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہاکہ خواتین معاشرے کا اہم ستون ہیں عورت کی ذات میں کائنات کے تمام رنگ موجود ہیں عورت ماں کے روپ میں مجسم محبت اور قربانی ہے ،بہن کے روپ میں دلوں کی طمانیت اور بیوی کے روپ میں وفا اور شادمانی کا پیکر ہے غرض یہ کہ خدانے عورت کو ایک خوبصورت تحفہ بنا کر پیدا کیا اور دنیا کے بے رنگ و جہاں کو رونق بخشی رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے کہاکہ اسلام عالمگیر اور آفاقی مذہب ہے جس کی تعلیمات نے بھٹکی ہوئی انسانیت کو راہ مستقیم عطاء فرمائی وہ عرب معاشرہ جہاں تہذیب و تمدن کی دھجیاں بکھر چکی تھیں عورت کو باندی سے زیادہ اہمیت نہیں دی جاتی تھی وہاں محمد مصطفی ۖ کی تعلیمات نے حق و صداقت ،عدل و انصاف کے اس معاشرے کی بنیاد رکھی جہاں کسی پر مرد عورت ہونے کی فضیلت نہیں دی گئی بلکہ اس کے تقویٰ کو فضیلت کی بنیاد بنایا گیا دنیا کا معاشرتی نظام قدرت نے مرد و زن کی اکائی پر ترتیب دیا ہے اور اسے چلانے کے لئے اللہ تعالیٰ نے جو اصول بتائے ان کا اطلاق بحیثیت انسان مرد و عورت دونو ں پر ہوتا ہے رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے کہاکہ ایم کیو ایم خواتین کو معاشرے میں اہم مقام دلا نے اور ان کے حقوق کی جدو جہد کے لئے کوشاں ہے انہوں نے کہاکہ متحدہ قومی موومنٹ قائد تحریک محترم الطاف حسین کی قیادت میں خواتین کی آزادی اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لئے ہر اول دستے کا کردار ادا کریگی تقرب میں ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عمران اسلم ،میونسپل کمشنر طلعت محمود ،XENشاہ فیصل اسلم پرویز ،ڈپٹی ڈائریکٹر باغات عبدالکریم ،انفارمیشن آفیسر محمد ارشد اور دیگر بھی موجود تھے۔