خواتین ڈرائیونگ پر پابندی کے خلاف احتجاج سے باز رہیں، سعودی حکومت کا انتباہ

Women Driving Ban

Women Driving Ban

ریاض (جیوڈیسک) سعودی عرب کی حکومت نے خواتین کی ڈرائیونگ پر لگائی گئی پابندی کے خلاف احتجاج کا حصہ بننے والی خواتین کو خبردار کیا ہے کہ وہ اس سے باز رہیں بصورت دیگر ان کے خلاف ملکی قوانین کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

سعودی وزارت داخلہ کا بیان اس خبر کے بعد سامنے آیا جس میں کہا گیا تھا کہ خواتین گزشتہ سال 26 اکتوبر کو احتجاج کرنے والی خواتین کے ساتھ یکجہتی کے طور پر اس سال بھی احتجاج کا ارادہ رکھتی ہیں، وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ ملک میں خواتین کے ڈرائیونگ کرنے پر پابندی ہے اور جو بھی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

دوسری جانب پابندی کے خلاف سوشل میڈیا تنظیموں کی جانب سے کہا گیا ہے کہ خواتین اپنی ڈرائیونگ کرنے کی تصاویر اور ویڈیوز آن لائن کے ذریعے پوسٹ کریں تاکہ احتجاج کو ریکارڈ کرایا جاسکے جس پر وزارت داخلہ نے خواتین کو خبردار کیا ہے اگر اس طرح کی کوئی بھی کوشش کی گئی تو سعودی قوانین کے مطابق ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ سعودی عرب میں خواتین نے ڈرائیونگ کرنے پر پابندی کے خلاف گزشتہ سال احتجاج کیا تھا جس پر حکومت نے کارروائی کرتے ہوئے کئی خواتین کو گرفتار کرلیا تھا۔