خواتین کو معاشی طور پر با اختیار بنایا جائے گا۔ حمیدہ وحید الدین

لاہور : وزیر برائے ترقی خواتین پنجاب حمیدہ وحید الدین نے کہا ہے کہ حکومت کے ویژن کے مطابق خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے عملی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ وہ آج محکمہ ترقی خواتین کے سیکرٹری آفس جوہر ٹائون میں خواتین کو آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کے طریقہ کار اور صوبے کے تمام اضلاع میں وویمن کرائسز سنٹرز ، بحالی ہیلپ ڈیسک اور 24/7 فری ہیلپ لائن کے سلسلے میں ایک اجلاس سے خطاب کررہی تھی جس میں سیکرٹری سوشل ویلفیئر مسز فہمیدہ مشتاق ، سیکرٹری محکمہ ترقی خواتین ارم بخاری اور بنک آف پنجاب کے ای وی پی (EVP) برائے ریٹیل ایٹس (Retail Assets )سلمان سعید بھی موجود تھے۔ سیکرٹری سوشل ویلفیئر فہمیدہ مشتاق نے اجلاس کو پنجاب کے 34اضلاع میں موجودہ شلٹر ہومز (دارالامانوں) کی ری ماڈلنگ کے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس سکیم کی دسمبر 2012 کو منظوری دے دی گئی ہے اوراس پر 187.415ملین روپے لاگت آئے گی۔

مالی سال 2012-13 کے دوران اس سکیم کے لیے 50 ملین روپے مختص کئے گئے جبکہ مالی رواں سال کے دوران 64 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔ بنک آف پنجاب کے سلمان سعید نے اجلاس کوخواتین کو کاروبار کے لیے قرضے حاصل کرنے کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر حمیدہ وحید الدین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اپنے ویژن کے مطابق خواتین کو اقتصادی ، سماجی و قانونی تحفظ دینے کے لیے خواتین پیکج 2012 کے تحت عملی اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین ہمارے معاشرے کا 52فیصد حصہ ہیں اور ملک کی اقتصادی ترقی کے لیے ان کی صلاحیتوں کونظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔